بنگلورو۔26جولائی(ایس او نیوز) ریاستی وزیر زراعت کرشنا بائرے گوڈا نے کہاکہ ریاست میں رواں سال بہترین بارش کے نتیجہ میں 49.39 لاکھ ہیکٹر زمین پر فصل لگانے کا کام شروع ہوچکا ہے۔ اس فصل کی تکمیل پر ریاست میں 100لاکھ ٹن اناج کی پیداوار ممکن ہوسکے گی۔ گزشتہ پانچ سال کے مقابل اس بار سب سے زیادہ پیدا وار کا نشانہ طے کیاگیا ہے۔ اس کیلئے کسانوں کو بیج اور کھاد کی کمی نہ ہو یہ یقینی بنایا جاچکا ہے۔ ایک اخباری کانفرنس سے مخاطب ہوکر انہوں نے کہاکہ پچھلے مانسون میں 34.59 لاکھ ہیکٹر زمین پر کاشتکاری کی گئی۔ اس بار تقریباً 14لاکھ ہیکٹر زمین پر افزود کاشتکاری کی جارہی ہے۔ اس دائرہ کو وسعت دیتے ہوئے آنے والے دنوں میں73 لاکھ ہیکٹر زمین پر کاشتکاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاست بھر میں 12.95لاکھ میٹرک ٹن کھاد کسانوں میں تقسیم کی جاچکی ہے، جبکہ آٹھ لاکھ ٹن کھاد ابھی ذخیر ہ میں موجودہے۔ کسانوں کو زرعی آلات زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی طرف ترغیب دلائی جارہی ہے ، ٹریکٹر اور دیگر مشینوں کی فراہمی کیلئے 325مراکز ریاست بھر میں قائم کئے گئے ہیں۔ عنقریب مزید 175مراکز کھلے جائیں گے۔ ہر مرکز میں 75لاکھ روپیوں کی مشینیں دستیاب رہیں گی۔ زرعی سرگرمیوں کیلئے معمولی کرایہ کے عوض یہ مشینیں کسانوں کو دی جائیں گی۔ تاکہ اچھی فصل حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ فصل بیمہ کیلئے رواں ماہ کی 30 تاریخ آخری دن ہوگی۔اب تک 4.26لاکھ کسانوں نے اپنی فصل کا بیمہ کروالیا ہے، گزشتہ سال فصل کے خسارہ کے سبب کسانوں کو 793کروڑ روپیوں کا فصل بیمہ مہیا کرایا گیا، جبکہ ریاستی حکومت نے 2150کروڑ روپے راحت کاری کے طور پر فراہم کئے ۔ انہوں نے کہاکہ گنے کی کاشت کے علاقوں میں گنے کی کٹائی ایک مشکل مرحلہ تھی، اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے کرایہ پر گنے کی کٹائی کی مشینیں مہیا کرانے پر حکومت سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ اس سے پہلے گنے کی کٹائی کیلئے سہولیات کی کمی کے سبب کسانوں کوکافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہاتھا۔